حکومت اور کسانوں میں ڈیڈ لاک برقرار ۔ اسلام آباد میں کسان اتحاد کا دھرنا پانچویں روز بھی جاری ۔ کسان رہنما کہتے ہیں کہ ہمیں کوئی جلدی نہیں، آندھی آئے یا بارش، مطالبات منوا کر جائیں گے ۔
پنجاب بھر سے اسلام آباد پہنچنے والے کسان پانچ روز سے سراپا احتجاج ہیں ۔ دھرنا دیئے بیٹھے کسانوں سے حکومت کی گفتگو و شنید بھی بے سود رہی ۔ مظاہرین اپنے مطالبات کی منظوری کیلئے ڈٹے ہوئے ہیں ۔ کہتے ہیں ۔ آندھی آئے یا بارش، ہم یہیں بیٹھے ہیں ۔ ہمیں کوئی جلدی نہیں، مطالبات منوا کر ہی جائیں گے ۔
دھرنے میں شریک کسان رہنما نے کہا ۔ ہمارا احتجاج پرامن، اور، مطالبات جائز ہیں جنہیں حکومت ماننے سے انکاری ہے ۔ آئے روز نیا لالی پاپ دیا جاتا ہے ۔ حکومت نے مشاورت کیلئے مزید دو دن کا وقت مانگا ہے ۔ آج شام کو کسانوں کی نمائندہ کمیٹی بنی گالہ میں عمران خان سے بھی ملنے جائے گی ۔
کسان اتحاد کے صدر خالد بٹ بولے ۔ ہم کسی صورت واپس نہیں جائیں گے ۔ اسلام آباد میں موسم کی خرابی کے باعث کسانوں کی مشکلات بڑھ گئیں ۔ حکومتی ہٹ دھرمی سے کسان فٹ پاتھ پر سونے پر مجبور ہیں ۔متعدد افراد بیمار ہو گئے ۔