دہشتگردی کی بحالی کو برداشت نہیں کیا جائے گا،،آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کہتے ہیں فارمیشن کو تمام سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں کوئی کسر نہیں چھوڑنی چاہئیے۔کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ کورکمانڈرز کانفرنس میں بیرونی اور داخلی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ عسکری فورم نے سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہاریکجہتی کرتے ہوئے ان کی امداد اور بحالی کے لیے زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس میں خاص طور پر سیلاب کی صورتحال، ملک بھر میں آرمی فارمیشنز کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ فورم نے سرحدوں کی صورتحال، داخلی سلامتی اور فوج کے دیگر پیشہ ورانہ امور پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے سلامتی کے ماحول کا جامع جائزہ لیا۔کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دہشت گردی کو دوبارہ پنپنے نہیں دیا جائے گا۔اس موقع پر آرمی چیف نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ فارمیشن کو تمام سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑنی چاہیے، کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ عسکری فورم نے سیلاب متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی امداد اور بحالی کے لیے زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔آرمی چیف نے سیلاب میں پھنسے افراد تک پہنچنے اوران کی تکالیف کم کرنے میں مدد پر فارمیشنز کی تعریف کی۔متاثرہ علاقوں میں ہنگامی طبی امداد فراہم کرنے پر آرمی ڈاکٹرزاورپیرامیڈکس کی خدمات کو بھی سراہا۔ہنگامی بنیادوں پر اہم راستوں اور مواصلاتی ڈھانچے تک رسائی بحال کرنے پر آرمی انجینئرزاورایف ڈبلیو او کی بھی تعریف کی۔