خاتون جج کو دھمکیاں دینے کے کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں بیس ستمبر تک توسیع ۔ چیئرمین پی ٹی آئی کہتے ہیں ۔ چور نواز شریف، اور، دہشت گرد بانی ایم کیو ایم سے میرا موازنہ نہ کیا جائے ۔ شہباز گل کو تشدد کرنے والوں کے پاس ہی دوبارہ ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں کپتان کی پیشی ۔ عدالتی حکم پر چیئرمین پی ٹی آئی ذاتی حیثیت میں عدالت آئے تو سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ۔ پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار ابھی تک شامل تفتیش نہیں ہوا ۔ عمران خان کے وکیل بابر اعوان کا کہنا تھا کہ تفتیشی افسر کے پاس عمران خان کا بیان موجود ہے ۔ سپیشل پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ جے آئی ٹی نے عمران خان کو طلبی کیلئے تین نوٹسز بھیجے مگر وہ پیش نہیں ہوئے ۔
بابر اعوان نے کہا کہ بیان لکھ کر تفتیشی افسر کو دے دیا گیا جسے ریکارڈ پر نہیں لیا گیا ۔ پولیس نے ضمنی میں کیوں نہیں لکھا کہ ملزم کا وکیل آیا اور بیان جمع کرایا ۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہم کوئی آرڈر پاس نہیں کریں گے ۔۔ فریقین کے وکلا پولیس کے سامنے شامل تفتیش ہونے کا طریقہ کار آپس میں طے کر لیں ۔ عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا ۔ نواز شریف اور بانی ایم کیو ایم سے موازنہ نہ کیا جائے ۔ سابق امریکی سفارت کار سے ملاقات کا جواب بھی گول کر گئے ۔
شہباز گل سے متعلق صحافی کے سوال پر چیئرمین پی ٹی آئی بولے ۔ جیل سپرنٹنڈنٹ نے شہباز گل پر تشدد کی تصدیق کی ۔ دوبارہ ریمانڈ پر انہیں لوگوں کے حوالے کر دیا گیا جنہوں نے تشدد کا نشانہ بنا قانونی کارروائی کا کہنے پر دہشت گردی کا مقدمہ بنانا مذاق ہے ۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد عمران خان کی عبوری ضمانت میں بیس ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔