امریکا نے پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی مرمت کیلئے سامان اورآلات فروخت کرنےکی منظوری دے دی،45 کروڑ ڈالر کے اس معاہدے میں طیاروں میں کسی نئی ٹیکنالوجی اور اسلحے کا اضافہ شامل نہیں ہے.
پینٹا گون کے بیان کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے 45 کروڑ ڈالرزکےمعاہدے کی منظوری دی۔ حکومتِ پاکستان نے امریکا سے ایف 16 طیاروں کی دیکھ بھال اور معاونت برقرار رکھنے کی درخواست کی تھی۔پینٹاگون کے مطابق سامان کا مرکزی ٹھیکہ ایئرواسپیس کمپنی لاک ہیڈ مارٹن کارپوریشن کو دیا جائے گا.
امریکی ڈیفنس سکیورٹی کوآپریشن ایجنسی کےاعلامیے میں کہاگیاہے کہ اس فروخت سے پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف آپریشنزمیں فضا سے زمین پر مار کرنے کی صلاحیت کو برقراررکھنے میں معاونت ملے گی۔ پاکستان کو ان سروسز اور آلات کو اپنی افواج میں شامل کرنے میں کوئی مشکل نہیں آئے گی۔اعلامیےکےمطابق ممکنہ فروخت سے خطے میں بنیادی عسکری توازن میں بھی کوئی تبدیلی نہیں آئے گی.
ڈیفنس سیکیورٹی کوآپریشن ایجنسی کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کانگریس کو اس ممکنہ فروخت کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔ممکنہ فروخت میں طیارے میں کسی نئی صلاحیت اور اسلحے کا اضافہ شامل نہیں۔اس سے پاکستان کے ایف 16 کے فضائی بیڑے کی دیکھ بھال جاری رکھنے میں مدد کرے گی۔