ایشاء کپ کے سپر فورمرحلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی۔ نسیم شاہ نے آخری اوور میں مسلسل دو چھکے لگا کر ٹیم کو فتح دلائی۔ شکست کے بعد افغان کرکٹ ٹیم کا ایشیا کپ کا سفر بھی تمام ہوا،، بھارتی ٹیم بھی ایونٹ سے باہر ہو گئی۔ گیارہ ستمبر کو فائنل میں پاکستان کا سامنا سری لنکا سے ہوگا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا، افغان ٹیم کی جانب سے حضرت اللہ اور گرباز نے اننگز کا آغاز جارحانہ انداز سے کیا، 36 رنز کے مجموعی سکور پر گرباز 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اوپننگ جوڑی ٹوٹنے کے بعد افغان ٹیم نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان 129 رنز بنائے۔ حارث رؤف نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا، کپتان بابر اعظم اس بار بھی ناکام ثابت ہوئے ۔بغیر کھاتہ کھولے ہی آؤٹ ہو گئے،،، محمد رضوان نے افغان باؤلرز کے آگے کچھ مزاحمت کی لیکن وہ بھی 20 رنز ہی بنا سکے ۔ فخر زمان بھی 5رنز بنا کر چلتے بنے۔ افتخار احمداور شاداب خان میں اچھی پاٹنر شپ کی وجہ سے پاکستان میچ میں واپس آگیا۔تاہم وہ پارٹنر شپ بھی ٹوٹ گئی ،،افتخار احمد 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے.
97 رنز کے مجموعی سکور پر شاداب کی وکٹ بھی گر گئی۔ میچ پاکستان کی گرفت سے نکل گیا۔محمد نواز ،خوش دل شاہ،حارث رؤف یکے بعد دیگرے آؤٹ ہو گئے۔19ویں اوور میں آصف علی بھی پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کو آخری اوور میں 11 رنز درکار تھے ۔ نسیم شاہ کے لگاتار 2 چھکوں سے پاکستان فائنل میں پہنچ گیا.
پاکستان کی جیت سے بھارت اور افغانستان کی ٹیمیں ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئیں،،،اتوار کو ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان اور سری لنکا میں جوڑ پڑے گا۔