ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے میں آج پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی ۔ فائنل تک رسائی کیلئے قومی ٹیم کو آج کا میچ جیتنا ضروری ہے ۔
متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ کے میچز دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گئے ۔ سپر فور مرحلے میں گرین شرٹس آج افغانستان کے خلاف میدان میں اتریں گے ۔ سنسنی خیز میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شارجہ میں کھیلا جائے گا ۔
بابر الیون کو فائنل تک رسائی کیلئے افغان ٹیم کو شکست سے دوچار کرنا ہو گا ۔ جیت کی صورت میں بھارت اور افغانستان دونوں ٹورنامنٹ سے آؤٹ ہو جائیں گے ۔ جبکہ شاہینوں اور لنکن ٹائیگرز میں فائنل میچ پڑے گا ۔
میگا ایونٹ کے سپر فور مرحلے میں بھارت کی شکست نے صورت حال دلچسپ کر دی ۔ بھارت کو چھ وکٹوں سے ہرا کر سری لنکا چار پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر آ چکا ۔ پاکستان دو پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر موجود ہے ۔۔ بھارت دو میچز میں ایک بھی پوائنٹ نہ لے سکا ۔ جب کہ افغانستان ایک میچ کھیلا، جس میں وہ پوائنٹس حاصل کرنے میں ناکام رہا ۔