پاکستان کی پہلی جونیئر لیگ کی ٹیموں کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 6 ستمبر کو ہوگی، پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جونیئر لیگ کی ٹیموں کے نام پاکستان سپر لیگ میں شامل ٹیموں سے الگ دوسرے شہروں کے ناموں پر رکھے گئے ہیں
پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام 6 سے 21 اکتوبر تک لاہور میں کھیلی جانے والی پہلی جونیئر کرکٹ لیگ کے لیے 180 نوجوان کھلاڑیوں کی فہرست تیار، جس میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ لیگ کی چھ ٹیموں کے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 6 ستمبر کو لاہور میں منعقد ہوگی۔ ٹیموں میں بہاولپور، گوجرانوالا، گوادر، حیدرآباد، مردان اور راولپنڈی کی ٹیمیں شامل ہیں۔ پی سی بی نے جونیئر لیگ کی فرنچائز کسی بھی تھرڈ پارٹی کو دینے کی بجائے اپنے پاس رکھی ہے، پہلے ایڈیشن کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ لیگ کو بورڈ کے زیر سایہ یا فرنچائز بنیادوں پر کرایا جائے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیموں کے مینٹورز کا بھی اعلان کر رکھا ہے جس میں جنوبی افریقہ کے عمران طاہر بہاولپور اور شعیب ملک گوجرانوالا کے مینٹور ہوں گے، سر ویوین رچرڈز گوادر اور ڈیرن سیمی حیدرآباد جبکہ شاہد خان آفریدی مردان اور کولن منرو راولپنڈی کے مینٹور ہوں گے۔ پی سی بی ہال آف فیم میں شامل جاوید میانداد تمام ٹیموں کی معاونت کریں گے۔