سپورٹس بورڈ پنجاب نے مارشل آرٹس کھیل جوجٹسو کی سرپرستی کرتے ہوئے مستقبل کے ہیروز کی تلاش کا بیڑا اٹھا لیا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب کا کہنا ہے کہ کل سے شروع ہونے والی نیشنل جوجٹسو چیمپیئن شپ سے نیا ٹیلنٹ تلاش کیا جائے گا.
نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پاکستان جوجٹسو فیڈریشن کے عہدیداروں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب طارق قریشی کا کہنا تھا کہ جوجٹسو نیشنل چیمپیئن شپ کے لئے مکمل تعاون کررہے ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب عالمی ایونٹس میں میڈلز جیتنے کیلئے انفرادی کھیلوں پر فوکس کررہا ہے، انڈر 16کھلاڑیوں کی نرسری تیار کرنے جارہے ہیں، نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں پاور سپورٹس کے لئے ایرینا بنانے کا منصوبہ ہے جس میں ریسلنگ، کشتی، ویٹ لفٹنگ،پاور لفٹنگ،جوڈو،کراٹے ودیگر کھیل شامل ہونگے، جوجٹسو فیڈریشن پاکستان کے صدر خلیل احمد خان نے کہا ہے کہ جوجٹسو کے کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر ہمیشہ پاکستان کا نام روشن کیا ہے، پاکستان کیلئے گولڈ میڈلز جیتے اور یہ سلسلہ برقرار رکھیں گے،جوجٹسو نیشنل چیمپئن شپ سب بہترین کھلاڑی نکلیں گے۔