کھلاڑیوں نے کھیل کا میدان اجاڑ دیا ، کپتان کے جلسے کیلئے نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور کی آسٹروٹرف اکھاڑ دی گئی ۔ وزیر کھیل پنجاب کہتے ہیں ، چار سے پانچ ماہ میں نیا ٹرف بچھا دیا جائے گا ، ہاکی پلیئرز کلبز نے وضاحت قبول نہ کی اور کل عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا ، سپورٹس بورڈ پنجاب کا کہنا ہے ، جلسے کی اجازت ضلعی انتظامیہ نے دی ، بورڈ کا کوئی عمل دخل نہیں ، سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز پھٹ پڑے ، بولے ، عمران خان کو کھیل کا میدان سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہیے۔
یہ ہے لاہور کا نیشنل ہاکی سٹیڈیم ،،جس کی نیلی آسٹروٹرف اکھاڑدی گئی ، کیونکہ یہاں اب کھیل نہیں ، 13 اگست کو سیاست کا میدان لگے گا ،،، تحریک انصاف کے کپتان اور کھلاڑی اپنا زور دکھائیں گے . کروڑوں روپے کی آسٹروٹرف اکھاڑنے پر وزیرکھیل پنجاب تیمور مسعود کا موقف ہے ،، ہاکی اسٹیڈیم کی آسٹروٹرف تبدیل کررہے ہیں ،، چار سے پانچ ماہ میں نیا ٹرف بچھا دیا جائے گا ۔ تیرہ اگست کو یہاں سیاسی جلسہ نہیں بلکہ پاکستان کی 75 سالہ آزادی کا جشن ہوگا ۔
دوسری طرف ڈائریکٹر ایڈمن سپورٹس بورڈ پنجاب سید عمیر حسن کہتے ہیں ،ایک ہفتے تک آسٹروٹرف تبدیل کرنے کی سمری ارسال کردی جائے گی ،، یہاں جلسے کی اجازت ضلعی انتظامیہ نے دی ۔بورڈ کا کوئی عمل دخل نہیں نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سیاسی جلسہ رکوانے کے لیے مختلف ہاکی کلبز نے عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا ۔کئی سابق پلیئرز نے ٹویٹس کرکے اپنی ناراضی کا اظہار کیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز بولے عمران خان کو کھیل کے میدان کو بھی سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہیے۔
نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں نئی آسٹرو ٹرف کب بچھے گی ؟ ابھی کوئی ٹھوس اقدام سامنے نہیں آیا ، البتہ ، یہاں تیرہ اگست سے یہاں سیاسی جلسے کی روایت کا آغاز ہوجائے گا یہ بات یقینی ہے ۔