کامن ویلتھ گیمز میں قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کر دیا ۔ جولین تھرو گیم میں نوے اعشاریہ ایک آٹھ میٹر تھرو پھینک کر کامن ویلتھ کا نیا ریکارڈ بھی قائم کر دیا ۔ ارشد ندیم نوے میٹر سے لمبی تھرو کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ۔ گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ارشد ندیم کی آنکھیں خوشی سے نم ہو گئیں ۔ قومی پرچم کے ساتھ گراؤنڈ کا چکر لگایا ۔
مشکل حالات اور تناؤ بھرے ماحول میں برطانیہ کے شہر برمنگھم سے آئی اچھی خبر ۔ قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کر دی ۔
پی این این سے خصوصی گفتگو میں ارشد ندیم نے کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کیا ۔ بولے ۔ والدین اور قوم کی دعائیں ساتھ تھیں ۔۔ انجری میں مدد کرنے والے ڈاکٹرز نے بھی بہت محنت کی ۔
عالمی سطح پر کامیابی اور ریکارڈ بنانے پر میاں چنوں میں ارشد ندیم کے گھر میں جشن کا سماں ہے ۔۔ اہل خانہ کو ہر طرف سے مبارک بادیں مل رہی ہیں ۔
دوستوں اور عزیز و اقارب کے منہ میٹھے کرائے جا رہے ہیں ۔ گولڈ میڈل جیتنے پر ہر طرف خوشی کے شادیانے بج رہے ہیں ۔۔ علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد مبارک باد دینے ان کے گھر کے باہر جمع ہو گئی ۔