پاکستان نے گال ٹیسٹ میں سری لنکا کو شکست دے دی ، قومی ٹیم کے بلے بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، عبداللہ شفیق نے 160 رنز بنا کر جیت میں اہم کردار ادا کیا، عبداللہ شفیق سری لنکن باولرز کے سامنے چٹان بن گئے،شاندار کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ ٹیم اور عوام کو مبارکباد دی .
گال میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز قومی شاہینوں کو جیت کے لیے 120 جبکہ میزبان سری لنکن ٹیم کو 7 وکٹیں درکار تھیں، عبداللہ شفیق نے ناقابل شکست 160 رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرایا، محمد رضوان 40، آغا سلمان 12 اور حسن علی 5 رنز بنا کر آوٹ ہوئے محمد نواز 19 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔
عبداللہ شفیق ٹیسٹ کرکٹ کے چھ میچز میں تیز ترین 7 سو رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے جبکہ پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے کیرئر کے تین ہزار رنز کا سنگ میل عبور کیا۔ سری لنکا کی جانب باولنگ میں پرباتھ جے سوریا نے چار پاکستانی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ رامیش مینڈس اور دھنیجا ڈی سلوا نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔
گال ٹیسٹ میں سری لنکا نے پہلی اننگز میں 222 رنز سکور کیے جواب میں پاکستان نے 218 رنز بنائے جس میں کپتان بابر اعظم کی شاندار سنچری شامل تھی۔ میزبان ٹیم نے دوسری اننگز میں 337 رنز بنا کر پاکستان کو جیت کے لیے 342 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پاکستان نے چھ وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے میچ 4 وکٹوں سے جیت لیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ اسی میدان میں 24 جولائی کو شروع ہوگا۔