دنیا بھر کی طرح پاکستان میں اولمپک ڈے کو بھرپور انداز میں منایا گیا. اولمپک ڈے کی مرکزی تقریب پی او اے کے زیر اہتمام ڈی ایچ اے میں منعقد ہوئی. تقریب کا آغاز ڈی ایچ اے ہیڈ آفس سپورٹس کمپلیکس سے اولمپک ڈے واک سے ہوا
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اولمپک ڈے کی تقریب ڈی ایچ اے لاہور میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی نائب صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن چوہدری محمد یعقوب اور ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے بریگیڈئر منیر احمد تھے۔ اس موقع پر قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کے لیے میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد سمیت مختلف کھیلوں کی تنظیموں کے عہدیداران بھی موجود تھے، ہر سال 23 جون کو اولمپک ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے، اس دن کی مناسبت سے ڈی ایچ اے سپورٹس کمپلیکس میں ہاکی کا نمائشی میچ کرایا، جس میں اولمپیئنز اور نوجوانوں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ تقریب کے موقع پر آئی او سی پریذیڈنٹ تھامس باخ اور پی او اے صدر سید عارف کے آن لائن پیغامات بھی سنائے گئے جنہوں نے کھیلوں کے ساتھ ساتھ اولمپک موومنٹ پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں اولمپک ڈے کے حوالے سے کوئز مقابہ بھی کرایا گیا جس میں اولمپک کی تاریخ کے حوالے سے سوالات پوچھے گئے۔ اس موقع پر اولمپیئن کرنل (ر) مدثر اصغر، اولمپیئن توقیر ڈار، اولمپیئن ڈاکٹر طارق عزیز، اولمپیئن منظور الحسن سنیئر، اولمپیئن شبانہ اختر سمیت اولمپیئنز اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اولمپک ڈے واک میں کھلاڑیوں سمیت ڈی ایچ اے کے رہائشیوں، سول سوسائٹی کے افراد اور بچوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔