باپ کی محبت، شفقت اور قربانیوں کے اعتراف میں آج ’فادرز ڈے‘ منایا جا رہا ہے۔ جس کا مقصد ہر باپ کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے ۔کوئی رسم، کوئی قانون بچوں کو یہ دن منانے سے نہیں روکتا ۔
دنیا میں ہرسال جون کے تیسرے اتوار کو فادرز ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے ۔امریکا میں بیسویں صدی کے اوائل میں ماؤں کے عالمی دن کی کامیابی کے بعد والد کی عظمت کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے اس یوم کو منانے کا سلسلہ شروع ہوا تھا.
فادرز ڈے کے موقع پر والد کے ساتھ الفت ومحبت اور ان کی خدمت کے جذبے کو بڑھانے کے عزم کو دہرایا جاتا ہے۔ بچے اپنے والد کیلئے تحائف خریدتے ہیں۔ انہیں کارڈز پیش کرتے ہیں اور اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں۔
والدین کا اولاد کے ساتھ سچا رشتہ ہوتا ہے جو زندگی کے ہر موڑ پر ایک سا رہتا ہے، چاہے وقت اور حالات بدلتے رہیں اس رشتے سے جڑی محبت، شفقت، احساس کے جذبات کبھی نہیں بدلتے۔اگر ماں کا کوئی نعم البدل نہیں تو باپ بھی اولاد کے لیے قدرت کی عظیم نعمت ہے ۔
سوشل میڈیا صارفین اپنے والد کی تصاویر کے ساتھ ان کی ہمت، حوصلے اور جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے ان کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔